دہلی ( جنگ نیوز) بھارتی وزارت داخلہ کے پاکستان کوسیکورٹی دینے سے انکارکے بعد انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول میں قومی ٹیم کو ڈاپ کردیا گیا۔زرائع کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ نے اپنے ملک میں ہونے والے کبڈی کے میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کو سیکورٹی دینے سے انکار کردیا جس کے بعد انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن نے اپنے جاری کردہ شیڈول میں پاکستان کبڈی ٹیم کو ڈراپ کردیا ہے۔انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے حتمی اعلان سے پہلے ممکنہ ٹیموں میں پاکستان کا نام بھی شامل تھا تاہم اب پاکستان کبڈی ٹیم بھارت کے شہر حیدرآباد میں رواں برس 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے شیڈول ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گی۔دوسری جانب پاکستان کبڈی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں ابھی کافی وقت باقی ہے اور امید ہے کہ بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے اچھی خبر آئے گی اور اگر بھارت کی جانب سے سیکورٹی کلئیرنس مل گئی تو قومی ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کے لئے بھارت ضرور بھیجیں گے۔