پشاور (نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پاکستان قومی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 19 ستمبر سے پشاور میں کھیلی جائے گی جس میں چاروں صوبوں اور محکموں کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ خیبر پختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر سابق عالمی چیمپئن قمر زمان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی انڈر 13 اور انڈر 15 کیٹگریز میں شرکت کریں گے، تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ڈراز کا اعلان 18 ستمبر کو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے محدود وسائل کے باوجود قومی اور صوبائی سطح کے مقابلوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے لڑکوں کے علاوہ لڑکیوں کو بھی کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں انہی مقابلوں کا نتیجہ ہے کہ کھلاڑی کئی سال بعد عالمی جونیئر ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کھلاڑی چیمپئن شپ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اورجلد کوئی نہ کوئی پاکستانی کھلاڑی عالمی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوجائے گا۔