• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ آزادی ٹرین کا حکومتی نمائندگان کی عدم دلچسپی پر استقبال نہ ہوسکا

سیالکوٹ(نما ئندہ جنگ، نامہ نگار ) تاریخی سیالکوٹ ریلوے اسٹیشن پر آزادی ٹرین کا نامناسب انتظامات اور حکومتی نمائندگان کی عدم دلچسپی اور عدم شرکت سے شاندار استقبال نہ ہوسکا۔ہفتہ کے روز صبح دس بجے  آزادی ٹرین کو دیکھنے کے لئے سیالکوٹ ریلوے اسٹیشن پر شہریوں اور سکول کے بچوں کی تعداد نہ ہونے کی برابر تھی اس حوالے سے اسٹیشن ماسٹر محمد سعید نے جنگ کوبتایا کہ آزادی ٹرین کی سیالکوٹ آمد کی اطلاع انہیں جمعتہ المبارک کو شام چھ بجے ملی اور وہ اس حوالے سے شہریوں کو آگاہ نہیں کرسکے۔ٹی آئی ریلوے افتخار احمد نے بتایا کہ شہر اقبال میں آزادی ٹرین کا شاندار استقبال نہ ہونا سجھ سے بالاتر ہے۔ آزادی ٹرین  کے اٹھارہ ڈبوں کو آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کے ثقافت اوررسم رواج سے مزین کیاگیا تھا جبکہ دو ڈبوں کو پاک فوج  کی شجاعت پر مبنی خیرمقدمی  پوسٹرز سے سجایا گیا تھااور ایک ڈبے کو ریلوے  گیلری بنایا گیا تھا۔   اگوکی  نامہ نگار  کے مطابق  لوگوں کےا حتجاج پرجنرل مینجر پاکستان ریلوے نے پاکستان ریلوے کی سپیشل آزادی ٹرین بارے شہریوں کو آگاہ نہ کرنے کی شکایت کا نوٹس لے لیا ہے اور ڈویثرنل کمرشل آفیسر پاکستان ریلوے لاہور حماد نذیر کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ سپیشل ٹرین کی سیالکوٹ آمد کے بارے اسٹیشن ماسٹر اور دیگر ریلوے حکام نے دیگر شہروں کے برعکس وفاقی وزرائ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت انتظامیہ اور شہریوں کو آگاہ نہ کیا تھا جس کی وجہ سے وفاقی وزیر دفاع وپانی وبجلی خواجہ محمد آصف ، وفاقی زیر سائنس وٹیکنالوجی زاہد حامد خان ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، بزنس مین اور ہزاروں شہری ، طلبہ وطالبات ، بچے اورخواتین سپیشل آزادی ریلوے ٹرین کو نہ دیکھ سکے تھے جس کی شکایت پر جنرل مینجر پاکستان ریلوے نے کاروائی کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے
تازہ ترین