کراچی/ حیدر آباد(اسٹاف رپورٹر/ بیورو رپورٹ )حیدرآباد میں ہفتہ کو بانی متحدہ کی سالگرہ کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں بانی ایم کیو ایم کے حق میں نئے سرے سے چاکنگ کرکے غبارے فضا میں چھوڑے گئے تاہم تازہ کی گئی چاکنگ کے خلاف پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ہفتہ (17ستمبر) کو متحدہ کے بانی کی سالگرہ کے موقع پر لطیف آبادنمبر 11,9,6کے علاوہ مارکیٹ‘ اوڈین سینما‘ ہیرآباد سمیت دیگر علاقوں میں چاکنگ کرکے متحدہ کے بانی کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی تھی جبکہ لطیف آبادنمبر6بلاک ڈی اور دیگر علاقوں میں متحدہ کے بانی کی سالگرہ کے حوالے سے فضاءمیں غبارے چھوڑے گئے تاہم باقاعدہ طورپر کسی علاقے میں کوئی تقریب منعقد کی گئینہ ہی کیک کاٹاگیا۔علاوہ ازیں جامعہ کراچی میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سےجمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بانی ایم کیو ایم کے حق میں وال چاکنگ کر دی گئی اور سالگرہ پر مبارکباد دی گئی۔جسے جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے صاف کرادیا۔ جامعہ کراچی کے کیمپس ایڈوائزر ڈاکٹر خالد عراقی کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے نان اکیڈمک زون کے ایف اور ای کوارٹرز کی دیواروں ، ایوب گیٹ کی باؤنڈری وال اور پاور اسٹیشن کے باہر چاکنگ کی جس میں ایم کیو ایم کے بانی کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ صبح جامعہ آئے تو انہیں چاکنگ کا علم ہو جس پر اسے صاف کرا دیا گیا۔