لندن (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق و زیر داخلہ سینٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی بھارت میں جا کر پاکستان کےخلاف بھارت کے ہاتھوں کھلونا بن کر پاکستان کو بند کرنے کی بے وقوفانہ بات کر رہے ہیں،کس میں اتنی ہمت ہے کہ پاکستان کےخلاف ایسے اقدام اٹھا سکے۔ پاکستان نے افغانیوں کو پالا،کھانا دیا،اشرف غنی کا خاندان بھی پاکستان میں پلتا رہا اشرف غنی بھارتی سازشوں کا حصہ اور احسان فراموش نہ بنیں، ہم پاکستان تحریک انصاف کے کسی ایسے احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گے جس میں کسی کے گھر کا گھیرائو کیا جائے۔ ہفتہ کو یہاں صحافیوں سے خصوصی گفتگومیں رحمن ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھی چاہئے کے وہ پانامہ لیکس کا کوئی قابل قبول حل نکالے ورنہ پاناما پاناما نہیں سیاست سیاست کا کھیل بن جائے گا .رحمان ملک نے کہا کے عالمی برادری جو خود کو انسانی حقوق کا علمبردار سمجھتی ہے اسے چاہئے کے وہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے ان کا مزید کہنا تھا کے بھارت نے اپنے ملک سے انسانی حقوق کا قانون تک ختم کر دیا ہے اب امریکا اور یورپ کو بھارت کے ساتھ اسی بنیاد پر اپنے ہر قسم کے سفارتی مراسم ختم کر دینے چاہئیں جب تک بھارت انسانی حقوق کے قانون کو دوبارہ اپنے ملک میں لاگو نہیں کرتا۔ رحمان ملک نے کہا کے وہ بھارت میں انسانی حقوق کے خاتمے کے مسئلہ کو برسلز میں یورپی یونین میں بھی اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کے پاکستانی موجودہ حکومت کو چاہئے کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی میں ’’را‘‘ کی سازشوں کو عالمی برادری کے سامنے اٹھائے اور بھارت کو بے نقاب کرے۔