سکھر (بیورو رپورٹ)ایم ایس سول اسپتال نے بچی کے جاں بحق ہونے اور ورثاء کی جانب سے ڈاکٹروں کی غفلت کا الزام عائد کئے جانے پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، مذکورہ افسران کا کہنا ہے کہ بچی کے علاج ومعالجے میں اگر ڈاکٹروں کی غفلت، لاپرواہی سامنے آئی تو مذکورہ ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، سول اسپتال میں گزشتہ رات نیوپنڈ کی رہائشی بچی عافیہ عباسی کو علاج ومعالجے کے لئے سول اسپتال لایا گیا ، بچی کے والد رضاء اللہ عباسی نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث اس کی بچی کی موت واقع ہوئی ہے اگر اسے انصاف نہیں دیا گیا اور ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو بچی کے قتل کا مقدمہ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کے خلاف دائر کرنے کے لئے عدالت سے رجوع کریں گے۔