راولپنڈی(جنگ نیوز)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرے مجرموں کا جوائنٹ ڈیٹا مرتب کیا جائے تو جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئیگی،سزاو جزا کا نظام برقرار رہے گا، سفارشی کلچر کو مات دی جائے، پولیس افسران انصاف کا خون ہونے سے روکیں، ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچا کر قانون کا بول بالا کریں، وزارت داخلہ اور پنجاب حکومت پولیس کے ضلعی سربراہان کی مشترکہ میٹنگ بلوائے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری لائی جاسکے اور خلق خدا کو انصاف مل سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق ایم این اے ملک شکیل اعوان کی رہائش گاہ پر انکی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے راولپنڈی میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی اور پولیس افسران کو مخاطب کرتے ہوئے راولپنڈی میں چوری چکاری اور ڈکیتی کی وارداتوں بالخصوص ٹریفک بندش کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ،انہوں نے سی پی او کو اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر فی الفور قابو پانے کی ہدایت کی جبکہ سی ٹی او سے کہا کہ وہ بڑی شاہرائوں کے ساتھ اندرون شہر بھی ٹریفک کے پیچیدہ مسائل پر توجہ دیں،محنتی اور ایماندار وارڈن تعینات کیئے جائیں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وارڈنز کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے سی پی او کی طرف سے وفاقی دارالحکومت کی طرح راولپنڈی میں بھی جدید سی سی ٹی وی کیمرے لگوانے کی استدعا پر جواب دیا کہ جب تک کیمرے نہیں لگتے تو کیا کام نہیں ہوگا؟ راولپنڈی پولیس اسلام آبادپولیس کے ساتھ مل کر مجرموں کا جوائنٹ ڈیٹا مرتب کرے۔اسلام آبادپولیس،ایف آئی اے اور ایف سی کی طرح راولپنڈی میں بھی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی بات کروں گا اور صوبائی سطح پر ضلعی پولیس افسران کی میٹنگ بلوائی جائے گی ،نکمے اور محکمے پر بوجھ بننے والے پولیس افسران کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی جبکہ اعلیٰ کارکردگی پر حوصلہ افزائی ہوگی جس سے پولیس کے محکمے میں مزید بہتری آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں جو اپنی اعلی تعلیم و تربیت اور جذبہ خدمت پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی سے انصاف کا خون ہونے سے روکیں اور مظلوم کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کے مرتکب عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا کر قانون وانصاف کا بول بالا کریں، غیر جانبدار ی سے اپنے فرائض سر انجام دیں اوران اصولوں کی پابندی کریں جوپولیس ضابطے میں شامل ہیں ۔بلا تمیز رنگ و نسل و مذہب، انصاف کا بول بالا کریں اور کبھی کسی کے دبائو میں نہ آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے کروڑوں عوام انصاف اور داد رسی کے حصول کےلئےپولیس سے بڑی توقعات رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کیلئےتربیت کا عمل معیاری اور دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ہونا انتہائی ضروری اور اہم ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ خدا اور اس کے نبی ؐ کے بعدماں کی ہستی ہی عظیم ہستی ہوتی ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا۔