لاہور(کرائم رپورٹر سے) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ای۔اشٹام پیپر کی سہولت صوبہ بھر میں فراہم کرنے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے اور بہاولپور ڈویژن میں بھی یہ سہولت رواں ہفتے کے دوران تمام تحصیلوں میں مہیا کر دی جائے گی۔ ارفع ٹاور میں منعقدہ ایک اجلاس سے گذشتہ روز خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور ، راولپنڈی ڈویژن میں محکمہ مال کے تعاون سے ای۔ اشٹام پیپر پنجاب بینک کی تمام شاخوں سے مل رہا ہے جس پر محض دس پندرہ منٹ کا وقت لگتا ہے جبکہ شہریوں کو جعل سازی اور خزانہ دفتر کے چکروں سے بھی نجات مل گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 19ستمبر کو ضلع بہاولنگرمیں تربیتی سیمینار منعقد ہو گا اور اس کی تمام تحصیلوں سے 22ستمبر کو الیکٹرانک اشٹام پیپر ملنا شروع ہو جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ 23ستمبر کو رحیم یار خان اور بہاولپور کی تمام تحصیلوں میں یہ سہولت فراہم ہو جائے گی۔ دریں اثنا ء پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ڈی جی ای گورننس ساجد لطیف نے بتایا کہ بہاولپور کے تمام اضلاع میں تربیتی عمل جاری ہے اور انشا اللہ اسی ہفتے یہاں کے شہریوں کو ایک ہزار روپے سے زائد مالیت کا غیر عدالتی اشٹام پیپر اب پنجاب بینک کی شاخوں سے ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے ملک بھر میں یہ سہولت فراہم کی ہے جس سے نہ صرف شہریوں کا قیمتی وقت اور پیسہ بچ رہا ہے بلکہ جعلی اشٹام پیپر کے خاتمے سے فراڈ کا قلع قمع اور حکومتی خزانے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب جائداد ٹیکس کی چوری بھی ممکن نہیں رہی۔