ہٹیاں بالا ( نامہ نگار) نیلم جہلم ہائیڈرو میگا پروجیکٹس میں مقامی لوگ مکمل طور پرنظر انداز باہر سے لوگوں کو تعینات کیا جا رہا ہے اور من پسند افراد کو نوازا جا رہا ہے۔ نیلم جہلم پروجیکٹ میں مظفرآباد ڈویژن کے اہل امیدواران نے انٹر شپ حاصل کر رکھی ہے مگراس کے باوجودغیر ریاستی افراد کو ان پر ترجیح دی جا رہی ہے۔ مقامی نوجوان جب بھی حصول ملازمت کے لیے رجوع کرتے ہیں تو انکو آسامیاں نہ ہونے کا بہانہ بنا کر ٹال دیا جاتا ہے ۔غیر ریاستی آقائوں کو خوش کرنے کے لیے کوہالہ پار کے نوجوانوں کو تعینات کیا جا رہا ہے۔ جو آزاد کشمیر کے پڑھے لکھے نوجوانوں اور بے روز طبقہ کے ساتھ صریحاً ظلم کے مترادف ہے۔ عوام علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر غیر ریاستی افراد کی تعیناتیوں کو منسوخ کرتے ہوئے مقامی افراد کو روزگار مہیا کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔