کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے عمان کو چوتھے اور آخری میچ میں تین کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 3-0سے جیت لی۔ میزبان پاکستان ٹیم سیریز کے آخری تینوں میچز میں سرخرو ہوئی۔ میزبان نے پہلا میچ دو، دو گول سے برابر رہا تھا۔ منگل کو لاہور میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں پاکستان کی جانب سے علی عزیز نے 7 اور 23 ویں منٹ میں دو گول بنائے، عدیل لطیف، جنید منظور ، خیر اللہ، افراز ، عبد اللہ بابر اور احمد ندیم نے ایک، ایک گول اسکور کئے، عمان کی جانب سے راشد حمید نے دو اور عدنان عبد اللہ نے ایک گول بنائے۔ دریں اثنا عمان کی انڈر18ہاکی ٹیم پاکستان کے خلاف چار میچوں کی سیریز کھیلنے کے بعد بدھ کی شام لاہور سے کراچی پہنچے گی اور جمعرات کی صبح کراچی سے ڈھاکا روانہ ہوگی جہاں وہ 24سے 30ستمبر تک ہونے والے چوتھے انڈر 18ایشیا ہاکی کپ میں حصہ لے گی ۔ عمان کی24 رکنی ٹیم میں 18 کھلاڑی اور چھ آفیشلز شامل ہیں۔ کھلاڑیوں میں زوہیر اظہر الراشد، ابراہیم ناصر الحسنی، عامر احمد ، عبداللہ اوادھ، فیصل سیف، مروان خامس، طحہ حسین،عبدالحمید عبداللہ النوفلی، محمد سلمان، حمید عبداللہ الحسنی، اصیل امین بیت طیسر ، فہدحسن ال لواتی، اکرم آشور ، راشد سلیم اور محمد سلیم الادھم جبکہ آفیشلز میں ٹیم مینجرمحمد عبداللہ البترانی ، ہیڈ کوچ یوسفی درویش السیابی، اسسٹنٹ کوچ یونس درویش السیابی، گول کیپر کوچ شاکر منیر، اسسٹنٹ مینجر رعید عبدالشریف اور اسسٹنٹ گول کیپر کوچ عاصم دائود صدیق شامل ہیں۔