• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساہیوال ، سیاسی افق پر جاٹ خاندان کی انٹری بااثررائے خاندان آئوٹ

لاہور (مقصود اعوان سے) چیچہ وطنی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 162کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری محمد طفیل جٹ کی کامیابی سے ساہیوال کی  سیاست میں ایک نیا سیاسی جاٹ خاندان ابھر کر سامنے آیا ہے اور کئی دہائیوں سے پارلیمان میں نمائندگی کرنے والا پرانا اور بااثر سیاسی رائے خاندان قومی سیاست کے افق سے پہلی بار آئوٹ ہوا ہے اس ضمنی انتخاب کے نتائج کے ملکی سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ چودھری محمد طفیل کے ہاتھوں ناکام ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار رائے مرتضیٰ اقبال کے دادا رائے محمد اقبال خان قیام پاکستان سے رکن اسمبلی رہے، ان کی وفات کے بعد ان کے صاحبزادے رائے احمد نواز خاں، رائے علی نواز خان، رائے حسن نواز خان اور داماد رائے عزیز اللہ خان تین دہائیوں سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے بیک وقت رکن منتخب ہوتے رہے۔ رائے علی نواز اور رائے احمد نواز نے انتقال کے بعد ان کے چھوٹے بھائی رائے حسن نواز پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی کے رکن ہونے کے علاوہ ضلع ناظم ساہیوال رہے۔ رائے احمد نواز ضلع کونسل ساہیوال کے چیئرمین اور  متعدد باررکن قومی اسمبلی  رہے جبکہ رائے علی نواز صوبائی مشیر اور چیئرمین بلدیہ چیچہ وطنی رہے ان کے ٹریفک حادثے میں انتقال کے بعد ان کے چھوٹے بھائی رائے حسن نواز جو چیئرمین بلدیہ چیچہ وطنی تھے پہلے پنجاب اسمبلی کے رکن اور پھر ضلع ناظم ساہیوال منتخب ہوئے اور بعدازاں 2013ء میں وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، انہیں اثاثے چھپانے کی پاداش میں قومی اسمبلی کی نشست سے محروم ہونا پڑا، ان کی جگہ رائے علی نواز کے صاحبزادے رائے مرتضیٰ اقبال کو رائے خاندان نے سیاسی میدان میں پہلی مرتبہ اتارا، اس سے قبل 2002ءمیں اس نشست سے ان کے رشتہ دار پھوپھا رائے عزیز اللہ بھی قومی اسمبلی کے رکن رہے، رائےمرتضیٰ اقبال کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) نے جاٹ خاندان کے عام سیاسی گھرانے کے چودھری محمد طفیل کو انتخابی میدان میں اتارا، چودھری محمد طفیل کے بھائی چودھری محمد ارشد پہلی مرتبہ 2002ء میں مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے اور بعدازاں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے، ان کے دوسرے بھائی چودھری محمد حنیف 2013ء کے انتخاب میں پہلی بار ایم پی اے بنے اور نومنتخب رکن قومی اسمبلی تحصیل ناظم بنے۔ اب رائے حسن نواز خان کی خالی نشست پر ہوئے ضمنی انتخاب میں چودھری محمد طفیل کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے سے ایک طاقتور سیاسی خاندان نے جنم لیا ہے۔ چودھری محمد طفیل جٹ قومی اسمبلی جبکہ ان کے دو بھائی چودھری محمد ارشد جٹ اور چودھری محمد حنیف جٹ پنجاب اسمبلی کے رکن ہیں اس طرح اس نئے جاٹ خاندان کے تین افراد کے بیک وقت رکن اسمبلی بننے سے علاقائی سیاست میں بھونچال آ گیا ہے۔
تازہ ترین