• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم لندن نے پاکستان میں تمام تنظیمی ڈھانچے اور شعبہ جات تحلیل کردیئے، الطاف حسین کی توثیق

لندن/کراچی ( ایجنسیاں/اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم لندن نے پاکستان میں تمام تنظیمی ڈھانچے اور شعبہ جات تحلیل کردیئے۔ندیم نصرت کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی اور تمام شعبہ جات نئے سرے سے تشکیل دیئے جائیں گے۔ لندن سے جاری اعلامیے کے مطابق بانی ایم کیو ایم الطاف حسین نے فیصلوں کی توثیق کردی ہے، نئی رابطہ کمیٹی اور تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کے اختیارات ندیم نصرت کو تفویض کے گئے ہیں۔چند ارکان تحریک بچانے کے نام پروہ اقدام کر رہے ہیں جو تحریک کے مفاد میں نہیں، ایم کیو ایم ایک ہی تھی ، ایک ہے اور ایک ہی رہے گی، ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ اخلاقی جرات وشرافت یہ ہے کہ ارکان پارلیمنٹ استعفی دے کرذاتی حیثیت میں الیکشن لڑکر دوبارہ مینڈیٹ لے کر دکھائیں، جو ارکان پارلیمنٹ استعفے نہیں دیتے کارکنان اور ہمدرد ان سے تعلق ختم کر دیں۔ اسٹاف رپورٹرکے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرندیم نصرت نے بدھ کو سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی کی جانب سے قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف قراردادمذمت پیش کرنے اوران کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرنے کے مطالبہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی شر منا ک عمل قرار دیاہے۔قائدتحریک کوصوابدیدی اختیارچند افرادنے نہیں بلکہ لاکھوں کارکنان نے دیاہے جسے چندافرادواپس نہیں لے سکتے۔ایک بیان میں کنوینرندیم نصرت نے کہاکہ ایم کیوایم کے ارکان سندھ اسمبلی ہوں، ارکان قومی اسمبلی ہوں یاسینیٹرزہوں، یہ سب قائدتحریک الطاف حسین کے نام پر اوران کی توثیق سے ہی ایوان کے رکن بنے اورقائدتحریک الطاف حسین کی اپیل پرہی کار کنو ں اورعوام نے انہیں ووٹ دے کر کامیاب بنایا ہے لیکن یہ انتہائی افسوسناک بلکہ انتہائی شرمناک امرہے کہ آج وہ قائدتحریک الطاف حسین سے ہی نہ صرف اظہارلاتعلقی کرر ہے ہیں بلکہ ان کے خلاف ہی ایوانوں میں قراردادیں پیش کررہے ہیں اورایوانوں میں ان کے خلاف تقار یر کرر ہے ہیں۔ندیم نصرت نے کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین کے نام پر منتخب ہونے والے ایم کیوایم کے تمام منتخب ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اورسینیٹرز کی اخلاقی جرات اور شرافت کا تقاضا ہے کہ وہ اب اپنے اپنے ایوانوں کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیں، اپنی ذاتی حیثیت میں دوبارہ الیکشن لڑیں اور پھراسمبلی میں جاکرجوکہناہے وہ کہیں۔ندیم نصرت نے تمام کارکنوں اورہمدردوں سے جو قائد تحریک سے سچے ہیں اوراپنے حلف وفاداری کے پاسدارہیں انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایسے تمام منتخب ارکان جو تحریک کی ہدایت پر استعفیٰ نہیں دیتے ان سے اپناہرقسم کاتعلق ختم کردیں۔ندیم نصرت نے کہاکہ رابطہ کمیٹی کے باوفا اراکین سے تفصیلی مشاورت کے بعدموجودہ رابطہ کمیٹی اورایم کیوایم کا تنظیمی ڈھانچہ اورتمام شعبہ جات کوتحلیل کر دیاگیا ہے۔اب رابطہ کمیٹی اور تمام شعبہ جات نئے سرے سے تشکیل دیئے جائیں گے۔قائد تحریک نے ان تمام فیصلوں کی توثیق کردی ہے اورنئی رابطہ کمیٹی اور تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کے لئے تمام اختیارات کنوینر ندیم نصرت کو تفو یض کردیئے ہیں۔کارکن اورہمدرد ان فیصلوں کی پاسداری کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ 
تازہ ترین