اسلام آباد ( جنگ نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دھر نوں کو قبر میں دفن کر کے ملک آگے لیکر چلیں ، حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا،دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان فیل ا سٹیٹ ڈکلیئر ہو جا ئیگا، ینگ ڈاکٹرز سے میرا روحانی رشتہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پمز میں تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے جب حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔ دنیا کہہ رہی تھی پاکستان فیل ا سٹیٹ ڈکلیئر ہو جائے گا، آپ کے مسائل ہمارے مسائل ہیں ہمارا وزیر اعظم آپکا وزیر اعظم ہے۔ 2013ءمیں لوڈشیڈنگ 12 ، 12 گھنٹے ہوتی تھی آج چھ گھنٹے رہ گئی ، 2018ءتک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ ہم تھوڑی تکلیف کاٹیں گے تو آئندہ نسلیں خوشحال ہوں گی۔ انگلینڈ جیسا آج ہے 70 کی دہائی میں ایسا نہیں تھا۔ ہمیں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، پوری پوری رات بیٹھ کر معیشت کو بہتر بنانے کیلئے کام کیا۔ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں ہم سب کو مل کر ایسے ہی کام کرنا ہے۔ اگر پاکستان کو صحیح طریقے سے آگے لے جایا جائے تو اس کی منزل کوئی اور ہے۔ پاکستان 2013ءسے بہت بہتر ہے۔ خدا کیلئے سیاست کو ایک طرف رکھیں ، دھرنوں کو قبروں میں دفن کریں اور ٹانگیں کھینچنا بند کر کے ملک کو آگے جانے دیں۔ ہم نے پنجاب میں ڈاکٹروں کے مسائل حل کئے ہیں وفاق میں بھی ایسا ہی کریں گے۔ وزیراعظم نے پمز میں سہولیات کی بہتری اور اسے اپ گریڈ کرنے کیلئے خصوصی پیکج دیا ہے جس میں چلڈرن ہسپتال ، بر ین سینٹر، زچہ بچہ سنٹر میں بستروں کی تعداد کو بڑھایا اور 42 بیڈز کا آئی سی یو بنایا جارہا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ جس ملک میں وزیراعظم جاتے ہیں وہاں پاکستان کی معیشت کو سراہا جاتا ہے۔ آج پاکستان دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ ایسی اچھی ترقی ہوتی رہی تو پاکستان ڈائریکٹ انوسٹمنٹ کیلئے دنیا کا دوسرا ملک بن جائے گا۔ اگر پاکستان کو صحیح معنوں میں لے کر چلایا گیا تو دنیا میں نام بنے گا۔ ہماری حکومت کا فوکس سوشل سیکٹر کی طرف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ینگ ڈاکٹرزکا ملک کی خدمت میں اہم کردار ہے۔ پوسٹ گریجویٹس اور آفیسرز کی رہائش آپ کا حق ہے۔ پوسٹ گریجویٹس کا نیا وظیفہ 73 ہزار روپے کر رہے ہیں۔ہائوس آفیسرز کا وظیفہ 40ہزار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسا قانون بن رہا ہے کہ جو لوگ ٹیکس بچانے کے لئے پیسے بیرون ملک منتقل کرتے ہیں ان کے لئے سزا ہے اور پیسے واپس لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے آپ کے نصیب میں لکھا ہوا تو آپ کو حکومت مل جائے گی ، فی الحال ٹانگیں کھینچنے کے بجائے ملک کو آگے جانے دیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کی صحت کی سہولیات کو پورے پاکستان کیلئے ایک ماڈل ہونا چاہئے۔اسلام آباد کی ہیلتھ سروسز کا نظام بکھرا ہوا ہے۔ ان تمام ہیلتھ سروسز کو ایک چھتری کے نیچے لانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ پولی کلینک کے اندر انقلابی تبدیلیاں لائے ہیں، مزید بہتریاں لائی جارہی ہیں۔ پمز کے اندر نئی ایمرجنسی بنائی ہے اور نئے سرجیکل اور میڈیکل وارڈز کے قیام کے لئے کوشاں ہیں۔ امید ہے جاری منصوبوں کے لئے وزیر خزانہ کا تعاون جاری رہے گا۔