نواب شاہ( بیو رو رپورٹ) تحصیل سکرنڈ میں قائم اسپیشلائیز کمانڈو ٹریننگ سینٹر ایٹ ناصری کو بند کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ نے ایک اجلاس میں سینٹر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس سلسلے میں حکومت سندھ سے کسی قسم کی اجازت نہیں لی گئی ہے۔1996میں اسپیشلائیز کمانڈو ٹریننگ سینٹر سکرنڈ ایٹ ناصری قائم ہوا اس کا افتتاح اس وقت کی وزیر اعظم شہید بینظیر بھٹو نے کیا تھا یہ سینٹر80 ایکڑ اراضی پر محیط ہے جسمیں اب تک سندھ بھر کے5640 پولیس اہلکار ایلیٹ کمانڈو ٹریننگ حاصل کر چکے ہیں اس سینٹر میں اہلکاروں کو تربیت دینے والے6 ٹرینرز آرمی کے تربیت یافتہ ہیں رزاق آباد ٹریننگ سنیٹر کراچی کے بعد اسپیشلائیز کماندو ٹریننگ سینٹر اندرون سندھ میں قائم واحد تربیتی ادارہ ہے جہاں پولیس اہلکاروں کو ایلیٹ کمانڈو ٹریننگ دی جاتی ہے اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر پرنسپل غلام سرور ابڑو نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سینٹر بند کرنے کے احکامات مل گئے ہیں تا ہم سینٹر کو بند کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئہں ۔دوسری طرف سکرنڈ سے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی غلام قادر چانڈیو نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انھیں بھی ایسی اطلاعات ملی ہیں یہ سینٹر انکی شہید قائد کی ذاتی کوششوں سے قائم ہوا تھا وہ اس حوالے سے وزیر اعلی سندھ سے بات کریں گے اور اس سینٹر کو بند نہیں کرنے دیا جائے گا۔