لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال لاڑکانہ کے زیر انتظام چلڈرن اسپتال میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے ایک گھنٹے کے اندر دو بچے جاں بحق ہو گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ڈوکری کے بارہ سالہ بچے مشرف کو گردن توڑ بخار کے مرض کی وجہ سے جمعرات کو چلڈرن اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے بچے کا مناسب علاج نہ ہو سکا جس کی وجہ سے جمعے کی شام وہ جاں بحق ہو گیا۔ سات ماہ کا محمد علی نامی شخص کا بیٹا بھی مناسب علاج نہ ہونے کی وجہ سے انتقال کر گیا۔اس صورتحال کی وجہ سے بچوں کے ورثا نے شدید احتجاج کیا۔ ادھر دوسری جانب چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال لاڑکانہ کی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال کے زیر انتظام چلنے والے تمام اسپتالوں کی حالت دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔