لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ بھارت کشمیر میں شکست کے خوف سے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے ،مودی کا رویہ شروع دن سے جنگجوکا ہے ۔بھارت میں غربت و افلاس ،اقلیتوں کی بے اطمینانی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں ناکامی کو چھپانے کیلئے مودی سرکار پاکستان کے خلاف زہر اگل رہی ہے ۔قومی مسائل میں اختلافات کے باوجود بھارت کے مقابلے میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحدہے ۔بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی۔پاکستان اب 65ءیا71ءوالا نہیں بلکہ ایک تسلیم شدہ ایٹمی قوت ہے ۔بھارت کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ جنگ کی صورت میں بڑے ملک کو بڑا نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔خطے میں قیام امن کیلئے بھارت کو مسئلہ کشمیر پر بامعنی مذاکرات کی طرف آنا پڑے گا۔وزیر اعظم پاکستان نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر قوم کی ترجمانی کی جو قابل ستائش ہے اور ہم اس میں کسی بخل سے کام نہیں لیں گے ۔ منصورہ میں جاری مرکزی شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے اگر اس نے اس بارکوئی غلطی کی تو اس کے ہاتھ تباہی کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔بھارت کے لئے بہتر یہی ہے کہ وہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ بامقصدمذاکرات کرے اور ان مذاکرات میں کشمیری قیادت کو بھی شامل کیا جائے ۔ حکومت پاکستان کو بھارت کے ساتھ کشمیر کے علاوہ کسی دوسرے موضوع پر مذاکرات نہیں کرنے چاہئیں اور تجارت ،طائفوں کے آنے جانے اور آم اور ساڑھی ڈپلو میسی کو چھوڑ دینا چاہئے ۔ شوریٰ کے اجلاس میں ہم نے کرپشن فری پاکستان تحریک کا بھی جائزہ لیا ہے ،یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک سے لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول نہیں کرلی جاتی اور لٹیروں کو ان کے اصل مقام اڈیالہ جیل میں نہیں پہنچا دیا جاتا ۔ حکمران سرے سے کرپشن کے خلا ف کوئی اقدام کرنے کو تیا ر نہیں ،اپوزیشن کے کچھ لوگ بھی اس معاملے میں حکومت کے ہمنوا نظر آتے ہیں مگر قوم نے اب تہیہ کرلیا ہے کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی چاروں صوبوں کے صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر کرپشن کے خلاف انقلاب کانفرنسیں کرے گی ۔30ستمبر کو فیصل آباد میں کرپشن کے خلاف جلسہ اور دھرنا دیا جائے گا۔23,24اکتوبر کو پشاور میں لاکھوں کارکنوں کا ورکرز کنونشن اور بعد ازاں انقلاب کانفرنس اور 28.29اکتوبر کو لاہور میں پنجاب بھر کے کارکنوں کاعظیم الشان ورکرز کنونشن ہوگا اور کرپشن کے خلاف ایک بڑا عوامی مارچ کیا جائے گا۔ سراج الحق