اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے بہیمانہ تشدد کا سلسلہ بند کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی بدترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منیلا میں فلپائن سینیٹ کے صدر اکیلونو کو کو سے ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ ان دنوں فلپائن کے دورے پر ہیں۔ فلپائن سینیٹ کے صدر سے بات چیت کرتے ہوئے میاں رضاربانی نے کہا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے معصوم شہریوں کو پیلٹ گنز کے استعمال سے نابینا کیا جارہا ہے اور ان کے جسم چھلنی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون سے خطے کی سلامتی کو خطرات پیدا ہو چکے ہیں ۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان میں 18ویں ترمیم کے ذریعے وفاقیت کا تجربہ نہایت کامیاب رہا ۔ اور فلپائن پاکستان کے اس تجربے سے استفادہ کر سکتا ہے ۔ انہوں نے فلپائنی سینٹ کے سربراہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔