نیو یارک (آئی این پی /سوشل میڈیا رپورٹ) کمر کی تکلیف کے باعث علاج کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستان کے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے کمر کا درد غائب ہوگیا ہے اور ’کمانڈو‘ صدر کے رقص کی ویڈیو سامنے آگئی ہے ۔ جس پر عوام کی جانب سے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا گیا ۔ مشرف کے حامیوں نے نے کمانڈو کے رقص پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے داد تحسین دی جبکہ دیگر افراد کا کہنا تھا کہ ’پرویز مشرف کمر درد کے علاج کا نیا طریقہ سکھا رہے ہیں‘۔ اتوار کو میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف جو کمر کا علاج کی غرض سے آج کل بیرون ملک مقیم ہیں نے ایک نجی تقریب میں شرکت کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ تقریب کی ویڈیو میں سابق صدر براؤن کلر کی قمیض اور سفید شلوار کے ساتھ گلے میں دوپٹہ ڈالے خوشی میں اپنی اہلیہ کے ساتھ جھوم رہے ہیں ۔ 73؍ سالہ سابق صدر کے مشہور گیت ’شکر ونڈا رے‘ پر ٹھمکوں پر عوام نے اپنے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پرویز مشرف کے حامیوں کی جانب سے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ صدا سلامت اور صحت مند رہیں جبکہ چند ایک کا کہنا ہے کہ ’پرویز مشرف کمر درد کے علاج کا نیا طریقہ سکھا رہے ہیں‘۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف نے قریبی رشتے کی شادی کی تقریب میں رقص کیا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے بھی سامنے آئے جس میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور قتل عام ، کشمیریوں کی سیکڑوں شہادتوں کے بعد جہاں پاکستان میں غم و غصہ پایا جاتا ہے وہیں سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے رنگ و نور کی اس محفل میں شرکت اور رقص پر لوگوں نے افسوس کا اظہار کیا ۔ سوشل میڈیا پر یہ بھی کہا گیا کہ مشرف کی یہ اپنی ذاتی سوچ ہے اور انہوں نے شادی کی تقریب کی ویڈیو خود رات گئے ٹوئٹر پر جاری کی ۔ یاد رہے کہ ان کی یہ ویڈیو دوپہر ایک بجے کے بعد وائرل ہوگئی تھی ، یہ بھی کہا گیا کہ مشرف کی جگہ کوئی اور شخصیت ہوتی تو میڈیا میں طوفان برپا ہوجاتا اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سوشل میڈیا کتنا کنٹرولڈ ہے ۔ واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں ۔ تاہم عدالت کو بتایا گیا کہ پرویز مشرف کمر کے ایک ایسے مرض میں مبتلا ہیں جس کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں اس لیے ان کا نام ای سی ایل سے نکال کر انہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانے دیا جائے۔