• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین ہاکی کوالیفائرز، قومی خواتین ہاکی ٹیم بلند عزائم لئے بنکاک روانہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایشین  خواتین ہاکی چیمپئن شپ کوالیفائنگ رائونڈ میں شر کت کے لئے قومی خواتین ہاکی ٹیم بلند عزائم لیے بدھ کی شب لاہور سے بنکاک روانہ ہوگئی، ایونٹ یکم سے نو اکتوبر تک بنکاک میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کی قیادت  میں حنا کنول کررہی  ہیں۔ پاکستان کی18 کھلاڑیوں میں گول کیپرز رضوانہ یاسمین ،سعیدہ سعدیہ ،فل بیکس میں عشرت عباس مرینہ انور تسکین کوثر ہاف بیکس میں نفیسہ انور ،اقراءجاوید ،عائشہ بشیر ،زیب النساءفاورڈرز میں حناکنول ،ماریہ صابر ،ثنائ اللہ دتہ ،کلثوم شہزادی ،افشاں نورین ،عنبرین ارشد ،حناءپرویز ،ساحل ملک ،کلثوم منیر شامل ہیں جبکہ مینجمنٹ میں سعید خان ( مینجر چیف کوچ ) اور عثمان شیخ ( کوچ ) اور فزیو سار ہ خالد شامل ہیں.۔2 اسٹینڈ بائی کھلاڑی زکیہ نواز , روشنا خان ،2 خواتین ایمپا ئر بینش حیات ،نگین بابر اور ایک خاتون میچ آفیشل بھی ٹیم کے ہمراہ ہوں گی ۔قومی خواتین ٹیم 3 سال کے وقفہ کے بعد تشکیل پائی ہے اور اس میں 8ایسی خواتین کھلاڑی شامل ہیں جنھوں نے اب تک کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ پاکستان کو تائیوان،ازبکستان اور میزبان تھائی لینڈ کی ٹیم کے گروپ میں رکھا گیا ہے جبکہ سنگا پور ،انڈ و نیشیا ،ہانک کانگ اور کمبوڈیا، دوسرے گروپ میں ہیں ۔ایونٹ کی دو ٹاپ ٹیمیں رواں سال کے آخر میں ہونے والے ایشیا کپ کےلئے کوالیفائی کریں گی۔ٹیم کے کوچ عثمان شیخ  نے کہا ہے کہ قومی  خواتین ٹیم نے ٹورنامنٹ کےلئے بھرپور تیاری کی ہے۔قومی ہاکی ٹیم تشکیل نوکے مراحل میں ہے جبکہ اس کے مقابلے میں دنیا کی دیگر ٹیمیں تجربہ کار ہیں۔نوجوان  کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم کاایشیا کپ کےلئے کوالیفائی کرنا ایک مشکل مرحلہ ہے لیکن ہماری ٹیم فائٹ کرے گی اور انشاءاللہ ایشیا کپ کےلئے کوالیفائی کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنا پہلا میچ تھائی لینڈ کے خلاف یکم اکتوبر کو کھیلے گا ۔
تازہ ترین