سکھر (بیورو رپورٹ)سکھر کے خواجہ سراؤں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، خواجہ سراؤں نے بھارتی وزیراعظم کا پتلا اور بھارتی پرچم بھی نذر آتش کیا، صنم فقیر کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں خواجہ سراء بھارت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے، خواجہ سراؤں کا کہنا تھاکہ مودی سرکارکے لئے تو پاکستان کے خواجہ سراء ہی کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون پاگل پن ہے اگر اس نے کوئی غلطی کی تو ایسا سبق سکھائیں گے کہ بھارت ساری زندگی یاد رکھے گا، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیتیں رکھتی ہے، پاکستانی فوج دنیا کی نمبر ون فوج ہے جس نے ماضی میں بھی بھارتیوں کو سبق سکھایا ہے اور آئندہ بھی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ مودی ایک بزدل انسان ہے جو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے ، بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم اور ستم کئے جارہے ہیں اس کا اقوام متحدہ یا انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کوئی نوٹس نہیں لیتے ، ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔