کراچی( نصراقبال،اسٹاف رپورٹر) امریکی قونصل خانے کے زیراہتمام لڑکیوں کے لیے والی بال تربیتی کیمپ کا انعقاد کیاگیا جس میں دائود پبلک اسکول کی 40 طالبات اور ان کے والدین کے علاوہ کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے بھی شرکت کی۔ پاکستان کی مایہ ناز والی بال کوچز فرح سرفراز، نوعمہ فریدی اور فوزیہ ناز نے کیمپ کے شرکاءکو تربیت دی۔ اس موقع پر قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ والی بال جیسے کھیلوں کے ذریعے ہمیں ٹیم ورک کی اہمیت کااندازہ ہوتا ہے جس طرح کھیلوں کی ٹیموں میں مختلف صلاحیتوں کے حامل بہترین افراد کی ضرورت ہے۔ امریکی قونصل خانے کے اسپورٹس ڈپلومیسی ، منصوبے کے تحت کھیلوں کے مقابلوں کے ذریعے پاکستان اور مریکاکے تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کھلاڑیوں میں گھل مل گئی، انہوں نے بھی ان کے ساتھ پریکٹس کی، بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ وہ خود بھی ٹینس اور ڈائیونگ میں دل چسپی رکھتی ہیں، کھیلوں سے محبت اور دوستی کو فروغ ملتا ہے، امریکا پاکستان میں کھیل کے شعبے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کے درمیان میچ بھی کھیلا گیا، کیمپ میں حصہ لینے والی کھلاڑیوں کا تعلق دائود پبلک اسکول سے تھا، شاہد مسعود اور فرقان حسین نے کوچنگ کی۔