• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی فلاحی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، پرویز خٹک

پشاور ( نیوز ڈیسک)    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے خویشگی جھیل پر واٹر پارک کی تعمیر اور ذخیرہ آب کی تجدید ، ضلع صوابی میںموٹروے ایم ون پر تھیم پارک کی ترقی، سیاحت و کھیلوں کی سہولیات جبکہ پشاور میں سٹریٹ اینڈ بلڈنگ لائٹس کو ایل ای ڈی لائٹس میں تبدیل کرنے کے منصوبوں پر ہر لحاظ سے مکمل پروپوزل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے منصوبوں پر عمل درآمد جلد یقینی بنانے کیلئے قانونی تقاضوں اور دیگر تیاریوں کو مکمل کرکے 15 اکتوبرتک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا، وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ممبر صوبائی اسمبلی میاں خلیق الرحمن ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے، چیف ایگز یکٹیو (کے اینڈ این) سلوشن پرائیوٹ لمٹیڈ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔چیف ایگزیکٹیو کے اینڈ این انٹرنیشنل عدنا ن حمید نے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت عنقریب شروع کئے جانے والے مذکورہ منصوبوں سے متعلق اجلاس کو بریفینگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی انتہائی قلیل مدت میں پشاور کی سٹریٹ اور بلڈنگ لائٹس کو ایل ای ڈی لائٹس سے بدل دے گی۔ 180 وولٹ کی ایک لائٹ پر 54 ہزار روپے لاگت آئے گی جو کمپنی خود برداشت کرے گی ۔25 سال لائف گارنٹی کے ساتھ 10 سال وارنٹی بمعہ ریپئرنگ دی جائے گی۔ پہلے پانچ سال میں کمپنی اور صوبائی حکومت کا منافع میں شیئر بالترتیب 80 اور20 فیصد ہو گا۔بعد ازاں منافع کا پچاس فیصد حکومت اور 50 فیصد کمپنی وصول کرے گی، دریں اثناء وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ضلع نوشہرہ  کے کسانوں کے 20 رکنی وفد سے گفتگو کر تے  ہوئےوزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی ہے کہ اریگیشن کے پبلک اور سول چینلز پر تجاوزات کا ریکارڈ تیار کریں اور ان تجاوزات کو ہٹانے کیلئے مہم پلان کریں تاکہ پانی کے آسان بہائو کو یقینی بناکر سیلاب کے خطرات کو کم کیا جا سکے،ایم پی اے ارباب جہانداد ، سیکرٹری اریگیشن اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے دائود زئی چینل کیلئے فزیبلٹی تیار کرنے اور ایک مستقل سٹرکچر وضع کرنے کا حکم دیا تاکہ آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت اس پر کام شروع کیا جا سکے۔اوزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت وسائل کو عوام کے تحفظ اور فلاح کیلئے خر چ کر رہی ہے عوام بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری ادا کریں تاکہ وسائل کا ان کی فلاح میں استعمال یقینی ہو سکے۔انہوں نے کسان برادری سے بھی کہا کہ وہ اپنے ذمہ آبیانہ کا ایک ارب روپے ادا کریں تاکہ غریب عوام کی فلاح میں خرچ کئے جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ ملک ٹیکسوں پر چلتا ہے اسلئے عوام اپنے حصے کا ٹیکس ادا کریں اور اپنی اس اجتماعی ذمہ داری کا احساس کریں یہی وسائل عوام کی فلاح کے منصوبوں پر خرچ ہوتے ہیں۔ہم نے سوچ سمجھ کر چلنا ہے۔ ہمیں اجتماعی سوچ کو فروغ دینا ہو گا۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سیلاب سے ہر سال جانی و مالی نقصان ہو تا ہے جس کا سدباب اور مستقل حل ناگزیر ہے۔
تازہ ترین