پشاور(سٹی رپورٹر) چارسدہ روڈ کے رہائشیوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے ایس ایم ایس سروس کے ذریعے لوٹ مار اور دھوکہ دہی سے رقم وصولی کیخلاف مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے خزانہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا جس سے ٹریفک جام ہوگئی ۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ مختلف موبائل کمپنیوں سے انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع ملتی ہے کہ انہیں بی آئی ایس پی سے 30 ہزارسے 40 ہزارروپے دئیے جائینگے اور قریبی ایزی پیسہ دکان سے وصول کریں ،دکانوں پر جانے کے بعد فون کے ذریعے دو، تین ہزار روپے دکاندار کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مطلوبہ رقم جمع کرانے کے باوجود بی آئی ایس پی کی جانب سے رقم ادانہیں کی جارہی اور پروگرام کے حکام بھی لاعلمی کا اظہارکرتے ہیں ۔انہوں نے ایف آئی اے ‘ قومی احتساب بیورو‘ وفاقی اور صوبائی حکومت ‘ پی آئی ایس پی کے حکام اور دیگر متعلقہ اداروں سے اس سلسلے میں نوٹس کی اپیل کی ۔