حب (نامہ نگار) پاکستان کوسٹ گارڈ کے زیراہتمام زیروپوائنٹ اوتھل سے گوادردوسری میگاسائیکل ریلی کی افتتاحی تقریب بدھ کو زیرو پوائنٹ اوتھل میں منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر عتیق الرحمٰن تھے ۔ ریلی میں ملک بھر کے سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔ اس مو قع پر بریگیڈئیر عتیق الرحمٰن نے کہا کہ سائیکل ریلی زیرو پوائنٹ اوتھل کوسٹل ہائی وے سے ہوتی ہوئی 550 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے یکم اکتوبر کو گوادر میں ختم ہوگی۔ کوسٹل ہائی وے الحمداللہ بالکل محفوظ علاقہ علاقہ ہے۔ ریلی کے دوران کوسٹل ہائی وئے پر کوسٹ گارڈز کے ساتھ پاکستان آرمی، پاک نیوی ، ایف سی، لیویز، پولیس اور موٹر وے پولیس کے جوان فرائض انجام دیں گے اور پاک نیوی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ خوشی کی بات ہے کہ اس بار کوسٹل ہائی وے کی ساحلی پٹی اور بستی کے مقامی سائیکلسٹ بھی اس ریلی میں حصہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں امن ہے اور ہم امن کے ضامن ہیں، جو پاکستان کے خلاف منفی سوچ رکھتے ہیں عوام ان کے ساتھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ سائیکل ریلی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو3 لاکھ، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو2 لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 1لاکھ جبکہ سائیکل ریس میں حصہ لینے والے تمام سائیکلسٹ کو بھی انعامات دیئے جائیں گے۔ قبل ازیں بریگیڈئیر عتیق الرحمٰن نے چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے صوبیدار عبدالرزاق کو بہترین کارکردگی پر اعزازی سند پیش کی۔ انہوں نے گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول اوتھل کے طلباء کی تعریف کی اور اسکول کےلئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر علاقہ معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔