کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کا صرف ایک کھلاڑی طیب اسلم چیف آف دی آرمی اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2016کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر سکا جبکہ دو پاکستانی کھلاڑی کوارٹر فائنل میں ہی مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔اسلام آباد میں جاری 25ہزار ڈالر انعامی رقم کے حامل اس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا پہلا کوارٹر فائنل مصر کے کھلاڑی عمر عبد المغید اور پاکستانی کھلاڑی فراز محمد کے درمیان کھیلا گیا جس میں مصری کھلاڑی عمر عبد المغید نے فراز محمد کو 15منٹ کے ایک آسان مقابلے میں 3-0 سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ دوسرا کوارٹر فائنل طیب اسلم اور شاہجہاں خان کے درمیان کھیلا گیا جس میں طیب اسلم نے 61منٹ کے مقابلے میںفتح حاصل کی۔تیسرا کوارٹر فائنل ہانگ کانگ کے کھلاڑی تز فنگ یپ اور پاکستانی کھلاڑی فرحان زمان کے درمیان کھیلا گیا جس میں تز فنگ یپ نے فرحان زمان کو 24منٹ کے مقابلے میں 3-0تین ،صفر سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔چوتھا کوارٹر فائنل مصر کے کھلاڑی کریم افتحی اور ملائیشیئن کھلاڑی ایون یوئن کے درمیان کھیلا گیا جو ایون یوئن نے 30منٹ میں 3-0سےجیت لیا ۔ سیمی فائنلز ہفتہ کو کھیلے جائینگے۔پہلا سیمی فائنل مصر کے کھلاڑی عمرالمغید اور طیب اسلم کے درمیان سہ پہر3بجے جبکہ دوسرا سیمی فائنل تز فنگ یپ اور ایون یوئن کے درمیان سہ پہر4بجے کھیلا جائیگا۔