• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی باز نہ آئے تو جنگ ممبئی اور دہلی میں لڑی جائیگی،سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت سے ہزار اختلافات کے باوجود ہم بھارت سے مقابلے کے لیے حکومت اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔مودی جیسے انتہا پسند وزیراعظم کی موجودگی میں بھارت متحد نہیں رہ سکتا ۔ میں ہندوستان میں کئی نئے پاکستان دیکھ رہاہوں ۔ پوری دنیا بھی بھارت کے ساتھ کھڑی ہو جائے ، بھارت پاکستان سے کبھی جنگ نہیں جیت سکتا ۔ مودی اگر باز نہ آئے تو یہ جنگ ممبئی اور دہلی میں لڑی جائے گی ۔ مودی کی شر انگیز یوں سے خطے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے امن کو خطرہ ہے۔جنگ ایک بار شروع ہو گئی تو کسی ایک خطے تک محدود نہیں رہے گی ۔ ہم امن چاہتے ہیں ، ہماری بھارت کے عوام سے نہیں،ہندوذہنیت اور برہمن سامراج سے جنگ ہے ۔ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ وزیراعظم پاکستانی سفیر کو بھارت سے واپس بلائیں اور کشمیر کی آزادی تک بھارت کے ساتھ ہر قسم کی بات چیت ختم کی جائے ۔حکمرانوں سے پوچھتاہوں کہ آج تمہارا دوست اوباما کہاں ہے ۔ہمیں امریکہ پر نہیں ، اپنے اللہ پر اعتماد کرناچاہیے ۔ افواج پاکستان ایمان ، تقویٰ اور جہاد کا راستہ اختیار کرے ، فتح ان کے قدم چومے گی ،حکمران ملک کے ساتھ خیانت کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں کرپشن کےخلاف بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ ، میاں محمد اسلم ، میاں مقصود احمد ، زبیر گوندل اور سردار ظفر حسین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد اصغر اور سیکریٹری اطلاعات امیر العظیم بھی موجود تھے ۔ جلسہ میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں لوگو ں نے شرکت کی ۔ سراج الحق نے کہاکہ کشمیری اسلام اور پاکستان پر اپنی جانیں نچھاور کر رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ان کی سرپرستی کرے ، مگر ہمارے حکمران امریکہ اور بھارت سے خائف ہیں اور کھل کر کشمیریوں کی حمایت نہیں کر رہے ۔ حکمران ملک کیساتھ خیانت کررہے ہیں ۔ قومی اداروں کو تباہ کرنے والے نااہل حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیاہے ۔ بار بار حکومت میں آنے والے جاگیردار اور سرمایہ دار قومی خزانے کو لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرتے رہے اور عوام کو مسائل کی بھٹی میں جھونک دیا ۔ انہوں نے کہاکہ پانچ مرلے کے مکان میں رہنے والے اب دو دوایکڑوں پر محیط بنگلوں میں رہتے ہیں ۔ غریب ملک پر حکومت کرنے والوں کا رہن سہن اور کلچر ہمارے ساتھ نہیں ملتا ۔ ہم استحصالی اور طبقاتی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتے ہیں ۔ملک کی تقدیر صرف دیانتدار قیادت ہی بدل سکتی ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اس وقت تک لڑتارہوں گا جب تک غریبوں کی لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی ان کے پیٹ پھاڑ کر واپس نہیں لیتا ۔جیو نیوز کے مطابق سراج الحق نےکرپشن مٹاؤ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وی آئی پی سگنل کی سرخ بتی کونہیں دیکھتا،ہم ایسا نظام لائیں گے کہ وزیراعظم بھی قطارمیں باری کا انتظار کرے۔ ہمارے حکمرانوں کاکلچر الگ ہے، کیاحکمرانوں کے بچے ان سکولوں میں پڑھتے ہیں جہاں غریب بچے پڑھتے ہیں؟ آج ووٹر تودوکمروں کے مکان میں اورلیڈر ووٹ لے کر 2،2کنال کے بنگلوں میں رہتے ہیں،ایساپاکستان چاہتاہوں جس میں کوئی تعلیم سے محروم نہ ہو،حکمران جب ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں تو خلا میں پہنچ جاتے ہیں،ایوانوں اوراداروں میں بیٹھے کرپٹ عناصرنے عوام کاخون چوسا،مارشل لالگا نیوا لو ں ،جاگیردارحکمرانوں نے عوام کے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔
تازہ ترین