مظفرآباد ( ایجنسیاں )آزادکشمیر کے سابق وزیرہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ اور پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنماء چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ فیصل راٹھور کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے ۔ حکومت انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ بند کرے ورنہ پورا آزادکشمیر جام کردیاجائیگا ۔ اخبار نویسوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے ہی یہ مطالبہ ہے کہ اس واقعہ کی جوڈیشنل انکوائری کرائی جائے جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا لیکن حکومت نے اس واقعہ کی جوڈیشل کمیشن سے تحقیقات کرانے کی بجائے پولیس کے ذریعے انکوائری کرائی جو کہ جانبدارانہ ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے انہوں نے کہا کہ راجہ فیصل راٹھور کیخلاف جو ایف آئی آر درج کی گئی ہے وہ سرا سر بے بنیاد اور جھوٹی ہے ۔ وہ اس واقعہ کے وقت اس جگہ پر موجود نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے برسر اقتدار آتے ہی پیپلزپارٹی کیخلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے جو کہ انتہائی شرمناک ہے ۔ لہذا حکومت ان واقعات سے گریز کرے ۔ ورنہ آزادکشمیر بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کردیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کنٹرول لائن کی صورتحال خاصی تشویشناک ہے تو اس موقع پر جب کہ قوم کو اکٹھا ہونا چاہئے آزادکشمیر کی حکومت انتقامی کارروائیوں میں مصروف اور قوم کو تقسیم کرنا چاہتی ہے ۔ لہذا حکومت آزادکشمیر فی الفور اس واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرائے ۔ ورنہ حکومت کو آزادکشمیر بھر میں شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا۔