کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹاپ سیڈ عمر عبدالمغید نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔ فائنل میں ملائشیا کے آئیوان یوئن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف تھے جنہوں فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، سینئر نائب صدر اے وی ایم (ر) سید رضی نواب، اسکواش لیجنڈ قمر زمان اور دیگر بھی موجود تھے۔ مصحف علی میر اسکواش کمپلکس اسلام آباد میں کھیلی جانے والی 25 ہزار یو ایس انعامی ڈالر کے ٹورنامنٹ کے فائنل میں ٹاپ سیڈ اور ورلڈ نمبر 28 مصری کھلاڑی عمر عبدالمغید نے ملائشیا سے تعلق رکھنے والے ورلڈ نمبر 53 آئیوان یوئن کو باسانی 11-8، 11-5 اور 11-4 سے شکست دی۔ مغید نے صرف 40 منٹ کی جدوجہد کے بعد مخالف پر قابو پالیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت مصر، ملائشیا، ہانگ کانگ اور فرانس کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ مین رائونڈ میں 16 کھلاڑی شامل تھے جن میں چھ کھلاڑی شامل تھے۔