صوابی( نمائندہ جنگ ) اصلاحی جر گہ صوابی کے اجلاس میں متفقہ قراردادوں کے ذریعے ضلع صوابی میں مسلسل اووربلنگ اور مقامی لوگوں کے شناختی کارڈ بلاک ہونے پر تشویش کااظہار کر تے ہوئے اس کے ازالے کو مطالبہ کیا گیا‘اجلاس میں ممبر جرگہ عبدالرحمنٰ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی جب کہ صدر جر گہ گل مست خان کی صحت یابی کے لئے خصوصی دُعا کی گئی ۔ جنرل سیکرٹری فیض الحیات نے گذشتہ ماہ کی کارروائی پر روشنی ڈالی اجلاس میں منظور کر دہ قراردادوں میں کہا گیا کہ پیسکو صوابی میں مسلسل اووربلنگ کر رہا ہے جس کی وجہ سے عوام انتہائی پریشان ہیں یہ سلسلہ فوری طور پر ختم کر کے صارفین کو ٹھیک بل بھیجے جائیں ، ایریگیشن ڈویژن صوابی سے مطالبہ کیا گیا کہ پیہور کنال پر واقع دیہہ کڈی، زیدہ ، ٹھنڈ کوئی ، مرغز و دیگر کی مکئی کی فصل ، کچالو ، گنا ، چاول نہر میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے تباہ ہو رہی ہے ۔