سکھر (بیورو رپورٹ)سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے سالانہ انتخابات سال2016-17 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا،الیکشن کمشنر سجاد اللہ قریشی کے مطابق محمد اقبال آرائیں صدر، محمد رضوان الحق ملک سینئر نائب صدر، محمد خالد کاکیزئی نائب صدر بلا مقابلہ منتخب ہوئے، نو منتخب اراکینِ مجلسِ انتظامیہ میں جاوید اختر، علی بخش خان مہر، عبدالمجید قریشی ، محمد احمد اقبال کارپوریٹ کلاس سے جبکہ انجینئر عبدالفتاح شیخ، خورشید اعظم شمسی، امتیاز احمد شیخ ایسوسی ایٹ کلاس سے بلا مقابلہ کامیاب قرار دیے گئے ۔ اس موقع پر سابق صدرعامر علی خان غوری نے کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے آفس کی از سرِ نو تزئین و آرائش کرائی گئی ،وفاقی و صوبائی محکموں با الخصوص وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاھ کی سکھر آمد پر ملاقات کے دوران سکھر کی ترقی اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کی ضرورت سے اُنہیں آگاہ کیا گیا،جس کیلئے وزیر اعلیٰ نے موجودہ بجٹ سے فنڈز مہیا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ،آئندہ صوبائی بجٹ میں سائٹ سکھر ، سکھر ڈرائی پورٹ اور سکھر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کیلئے درکار انتظامی کارروائی کو ضروری فنڈز مہیا کرنے کا یقین دلایا ان خصوصی پراجیکٹس سے سکھر ریجن کی معاشی و معاشرتی صورتحال میں یقینی بہتری آئیگی۔