راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج رائے ایوب خان مارتھ نے سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کیس گزشتہ روز بھی بغیر کسی کارروائی کے پانچ اکتوبر تک ملتوی کر دی، پونے نو برس پرانے اس کیس میں وکیل صفائی ملک جواد خالد نے استغاثہ کے آخری گواہ انسپکٹر الیاس کو شہادت کیلئے دوبارہ بلوانے پر اعتراض کرتے ہوئے کئی ماہ پہلے ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی جس کا تاحال فیصلہ نہیں ہوا اسی وجہ سے دو بار کی منتخب وزیراعظم کے قتل کا کیس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہو رہا ہے۔ دریں اثناء احتساب عدالت راولپنڈی کے جج خالد محمود رانجھا نے سابق صدرآصف علی زرداری کے خلاف دائر ناجائز اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت گزشتہ روز بھی وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کسی کارروائی کے پانچ اکتوبر تک ملتوی کر دی۔