اسلام آباد (این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹیز کانفرنس میں جانے سے روکا تھا ٗمیں نے عمران خان کو کہا کہ شاہ محمود قریشی کو کانفرنس میں شرکت سے نہ روکا جائے ۔ ایک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پار لیما نی پارٹیز کانفرنس میں مجھے نہ بلا کر کم عقلی کا ثبوت دیا گیا ہے ٗاجلاس میں ایسے لوگوں کو بھی بلا یا گیا جوکہتے ہیں خدا کا شکر ہے ہم پاکستان بننے کے گناہ میں شامل نہیں ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ اجلاس میں جن لوگوں کو بلا یا گیا وہ سب نواز شریف کے سپورٹر ہیں ٗیہ بھارت کو آنکھیں نہیں دکھا سکتے ۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف اگر بڑادل رکھتے تو مجھے اور چودھری برداران کو بھی بلاتے ٗاگر آصف زرداری کو فون کیا تھا تو عمران خان کو بھی فون کر کے دعوت دینی چاہیے تھی ۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم ان سے گھبرا گئے ہیں ٗوہ جانتے ہیں کہ ان سے سخت سوالات ہونگے اس لئے کانفرنس میں بلایا ہی نہیں۔