اسلام آباد (آئی این پی) ملکی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہونیوالی پاکستان ہاکی لیگ کے رواں سال انعقاد کا خواب حقیقت نہ بن سکا۔ ہاکی لیگ کا بڑا میلہ ا ب 2017 میں ہی متوقع ہے ۔ ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور ترقی کیلئے پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی ہاکی لیگ کے انعقاد کیلئے انتھک محنت کی تھی اور اس حوالے سے اسپانسرز سمیت غیر ملکی کھلاڑیوں سے بھی ہاکی لیگ میں شرکت کے حوالے سے معاملات کو آخری مراحل داخل کر دیا تھا تاہم ہاکی فیڈریشن کی تمام تر کوششوں کو باوجود پنجاب حکومت پاکستان ہاکی لیگ کے کامیاب انعقاد کیلئے انہیں وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے این او سی جاری نہ کر سکا جس کے باعث ہاکی فیڈریشن کا پاکستان ہاکی لیگ رواں سال منعقد کرانے کا دعوی بھی پورا سچ ثابت نہ ہو سکا کیونکہ ہاکی لیگ کے کامیاب انعقاد کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو کم سے کم تین ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے ۔ اس ضمن میں رابطہ کرنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپین شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ فیڈریشن اب بھی پی ایچ ایل کے انعقاد کیلئے پر امید ہے ، فیڈریشن نے ہاکی لیگ میں شرکت کیلئے 30سے زائد غیر ملکی کھلاڑیوں سے معاملات طے کر لئے تھے جبکہ ہاکی لیگ کے انعقاد پر 20سے 30کروڑ روپے خرچ ہونے تھے ۔ فیڈریشن این او سی کے حصول کیلئے پنجاب حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں اور جیسے ہی این او سی ملتا ہے اس کے تین ماہ بعد پاکستان میں ہاکی کا بڑا میلہ سجانے میں ضرور کامیاب ہونگے ۔