• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، مقابلوں کے بعد تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد، کارروائیاں تیز

سکھر (بیورو رپورٹ)سکھر پولیس نے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن تیز کردیا، گزشتہ شب تین تھانوں کی حدود میں پولیس مقابلوں کے دوران تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لئے اور دو فرار ہوگئے، زخمی ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کی سربراہی میں ضلع میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ گزشتہ دنوں ضلعی سطح پر منعقدہ پولیس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں تمام پولیس افسران اور تھانہ انچارجز کو ہدایات دی گئیں تھیں کہ وہ اپنی حدودمیں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کریں ، جو بھی لوگ جرائم میں ملوث ہوں انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے، امن وامان کی فضا کو مکمل طور پر بحال رکھا جائے ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب تین تھانوں کی حدود میں مقابلوں کے بعد زخمی حالت میں ملزمان کو گرفتار اس ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ تھانہ اے سیکشن پولیس نے گنداکنواں کے علاقے میں مقابلے کے بعد ایک ملزم آصف علی کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کر لیں۔ تھانہ بائجی کی حدود میں پولیس نے چنگا پل کے نزدیک مقابلے کے بعد ایک ملزم نوید احمد کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ایک اور مقابلے میں پولیس نے صالح پٹ کے نزدیک بھینسی پاڑو میں مقابلے کے بعد ایک ملزم صدام حسین کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد کیا ہے جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے، فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق ضلع بھر میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے اور محرم الحرام کے بعد جاری آپریشن کو مزید تیز کیا جائے گا، تمام روپوش ملزمان، اشتہاریوں ، جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لئے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن وامان کی فضا کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا، پولیس کی جانب سے جو اقدامات کئے گئے ہیں اس کے باعث ضلع میں مثالی امن قائم ہے اور جرائم کی وارداتوں کا بڑی حد تک قلع قمع کردیا گیا ہے اوراسٹریٹ کرائم کے واقعات کی روک تھام بھی ممکن ہوسکی ہے۔عوام کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اس حوالے سے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ کامیاب پولیس مقابلوں میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کو نقد انعامات، تعریفی اسناد دی گئی ہیں جس کا مقصد پولیس کی حوصلہ افزائی کرنا ہے لیکن جو افسران اور اہلکار غفلت یا کوتاہی برتیں گے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی ضرور کی جائے گی۔ 
تازہ ترین