اسلام آباد(اے پی پی) انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن (آئی کے ایف) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے پاکستان کو بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ میں شرکت سے روک دیا۔ میگا ایونٹ جمعہ سے بھارت میں شروع ہو گا۔ آئی کے ایف کے سربراہ دیوراج چترویدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان آئی کے ایف کا قابل قدر رکن ہے لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے پاکستان کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا اور میرے خیال میں اس وقت یہ دونوں ممالک کے مفاد میں بہتر ہے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن (پی کے ایف) کے چیف رانا محمد سرور نے کہا کہ پاکستان کے بغیر کبڈی ورلڈکپ ٹھیک اسی طرح ہے جس طرح برازیل کے بغیر ورلڈکپ فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد ہو، پاکستان کبڈی کی خطرناک ٹیم ہے اور اس کے بناءمیگا ایونٹ کی کوئی اہمیت نہیں ہو گی۔