کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملائیشیا میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا اعلان 11اکتوبر کو کیا جائے گا، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کے انتخاب کے لئے ٹرائلز کے بجائے جونیئر ٹیم کے ساتھ تین پریکٹس میچوں کی سیریز کو ٹرائلز کا درجہ دیا ہے۔قومی ٹیم اس ایونٹ میں شرکت کےلئے17اکتوبر کو ملائیشیا روانہ ہوگی۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کا ٹارگٹ ورلڈ کپ اور اولمپکس میں رسائی حاصل کرنا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کو بھاری گرانٹ ملنے کی بدولت ہدف کے حصول میں حائل رکاوٹیں دو ر ہوگئیں۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں 23 اکتوبر کو بھارت کے خلاف ہونے والے میچ میں خوشخبری دیں گے، کھلاڑیوں کو فٹنس کےلئے سائنسی انداز میں ٹریننگ دی جارہی ہے۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی اور ایشیا کپ میں ایف آئی ایچ نے پوائنٹ سسٹم کردیا ہےان ٹورنامنٹ میں زیادہ ٹیمیں حاصل کرنےو الی ٹیم ہی ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرے گی ۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی میںہمارا پول بہت سخت ہے ، پہلا میچ ملائشیا ، دوسرا کوریا اور تیسرا بھارت کے ساتھ ہے ، بھارت کی ٹیم نے 2012 کے بعد سے اپنی ہاکی کو بہت بہتر بنالیا ہے، انہوں نے عالمی سطح پر 100سے زیادہ میچز کھیلے ہیں اور ان کی چیمپئنز ٹرافی سمیت دیگر انٹرنیشنل ٹورنامنٹ پرفارمنس بہتر رہی اور اس کے مقابلے میں پاکستانی کی ٹیم کو انٹرنیشنل ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کے کم مواقع ملے ہیں ۔ لیکن مورال ، جذبہ اور قوت ایمانی کام آئے گی ۔خواجہ جنید نے کہاکہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لئے ٹیم کے لئے ٹریننگ کے لئے تین مرحلے طے کیے گئے تھے۔ پہلی دفعہ فزیکل ٹریننگ کےلئے ماہر ڈاکٹر نصراللہ رانا کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، ان کی ٹریننگ سے کھلاڑیوں کی فٹنس میں کافی بہتر ی آئی ہے، کھلاڑیوں کو خصوصی ڈائٹ دی جارہی ہے جس میں دیسی مرغی، مٹن ، کدو، زیتون کا تیل ، کھجور ،کیلے اور سلاد شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہاکی کی ترقی پاکستان سپر ہاکی لیگ کا انعقاد بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی خراب پرفارمنس میں گول کیپنگ ، پنلٹی کارنر اور دفاع کے کمزور شعبہ نے اہم کردار ادا کیا ہے اور ہم ان تینوں شعبوں میں بہتری لانے کے لئے کوششیں کررہے ہیں ۔ سہیل عباس کی طرح کا پنلٹی کارنر کا ماہر تیار کرنے کے لئے بھی کوشش کررہے ہیں۔