کراچی (اسٹاف رپورٹر/این این آئی)روحانی سلسلہ طریقت قادری،رضوی سے تعلق رکھنے والے علامہ سید شاہ تراب الحق قادری 15ستمبر 1944 ہندوستان کے شہر حیدر آباد دکن میں پیدا ہوئے۔آپ مفتی اعظم ہند مصطفی رضا خان کے خلیفہ قاری مصلح الدین صدیقی کے داماد تھے، پاکستان آنے کے بعد درسِ نظامی دارالعلوم امجدیہ کراچی سے کیا آپ کے اساتذہ میں پیر طریقت علامہ قاری مصلح الدین اورشیخ الحدیث علامہ عبدالمصطفیٰ الازہری شامل ہیں۔1985 میں کھارادر سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، کراچی میڑوپولیٹن کارپوریشن کے کونسلر اورتعلیمی کمیٹی کراچی کے چیئرمین بھی رہے۔ انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کے رکن، ڈائریکڑ جاویداں سیمنٹ فیکٹری (سرکاری نامزدگی) رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان، ٹرسٹی ؍ناظمِ تعلیمات دارلعلوم امجدیہ کراچی ، مدارس اہلسنّت کراچی کے صدر،چیئرمین مدرسہ انوار القرآن ودارالعلوم مصلح الدین، جماعت اہلسنّت کراچی کے امیر(اس کے علاوہ کراچی کے بے شمار مدارس ومساجد اور دینی و ملّی انجمنوں کے سرپرست اور ٹرسٹی) رہے۔ تحریک ِختم ِنبوت اور تحریک نظامِ مصطفی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، دین کی تبلیغ و اشاعت کے لئے پاکستان کے علاوہ عرب امارات، سری لنکا، بھارت، بنگلادیش، ہالینڈ، جرمنی، اردن، مصر، بلجیم، امریکا، سائوتھ افریقہ، چین، کینیا، تنزانیہ، زمبابوے، عراق اور زمبیا سمیت دیگر ممالک کے دورے کئے ۔ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی ؒ کے چھوٹے صاحبزادے مفتی اعظم ہند علامہ مولانا مصطفی رضا خان کے دست اقدس پر بیعت ہوئے،آپ کو سلسلہ قادریہ ،برکاتیہ،اشرفیہ، شازلیہ،منوریہ اور دیگر سلاسل میں اپنے پیر و مرشد مفتی اعظم ہند ،اور استاد وسسر پیر طریقت علامہ قاری محمد مصلح الدین صدیقی اور قطب مدینہ کے صاحبزادے حضرت علامہ فضل الرحمان مدنی سے خلافت و اجازت حاصل تھی ۔1962 میں زمانہ طالب علمی سے ہی واعظ و تقریر کا سلسلہ شروع کردیا تھا،میمن مسجد مصلح الدین گارڈن میں بھی خطابت کے فرائض انجام دیتے رہے۔ مرحوم نے کئی کتابیں تصنیف کیں، جن میں ضیاء الحدیث، جمال مصطفیﷺ، تصوف و طریقت، دعوت و تنظیم، فلاح دارین، خواتین و دینی مسائل، کتاب الصلوٰۃ، اسلامی عقائد، فضائل صحابہ و اہل بیت، دینی تعلیم، حضور ﷺ کی بچوں سے محبت، مبارک راتیں، مزارات ِاولیاء و توسل، امام اعظم، ختم ِنبوت، مسنون دعائیں، تفسیر سورۃ فاتحہ، تحریک پاکستان میں علماء اہلسنت کا کردار، اعتکاف کے فضائل اور رسول خداﷺ کی نماز و دیگر شامل ہیں۔