• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار 2016کے لیے جنوبی ایشیا کے بہترین وزیر خزانہ قرار

اسلام آباد(مہتاب حیدر) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 2016کےلیے جنوبی ایشیا کا بہترین وزیر خزانہ قرار دے دیا گیا، یہ فیصلہ آئی ایم ایف کے میگزین اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس میں ہوا اور انہیں ایوارڈ دینے کا اعلان بھی کیا  گیا ہے تاہم وزیر خزانہ  کنٹرول لائن  پر بھارتی جارحیت سے پیداشدہ صورتحال، مشترکہ اجلاس اور آل پارٹیز کانفرنس اور دیگر اہم سرگرمیوں کی وجہ سے دورہ امریکا ملتوی کر چکے ہیں ان کی جگہ امریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی یہ ایوارڈ وصول کریں گے۔ ادھر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دی نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ مذکورہ ایوارڈ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی معاشی کارکردگی کا اعتراف ہے، پاکستان کی صحیح سمت میں ترقی کو تمام عالمی ادارے تسلیم کرچکے ہیں،یہ ایوارڈ پاکستان کے لیےہی تھااور یہ ہمارے ملک کے وقار کو بڑھائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی ریونیو بورڈ نے گزشتہ مالی سال کی پہلے سہ ماہی کے دوران 40ارب روپے کے شارٹ فال کے باوجود سال کے اختتام پر مطلوبہ ٹیکس ہدف حاصل کرلیاتھا اور رواں مالی سال کے بھی ٹیکس اہداف حاصل کرلیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ریونیو بورڈ کو درپیش 50 ارب روپے کے شارٹ فال میں سے 95فیصد کا تعلق کراچی اور اسلام آباد کے ’’ بڑے ٹیکس دہندہ یونٹس‘‘ سے ہے۔
تازہ ترین