اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ آج سکھر میں سڑک کی خراب تعمیر پر برہم ہوگئے، پتھر اٹھا اٹھا کر پھینکے، چیف انجینئر کو لتھاڑا اور کہا کہ یہاں اتنے بڑے بڑے پتھر استعمال نہیں ہونے چاہیے تھے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اس سڑک میں پتھروں سے نیچے ریت ڈالنے چاہیے تھی، کیوں نہیں ڈالی گئی؟ چیف انجینئر وضاحتیں دیتے رہے۔
انہوں نے چیف انجینئر پر ہی بس نہیں کیا، اپنی ہی پارٹی کی حکومت سندھ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ بولے کہ آج جو کہہ رہا ہوں، وہ دس پندرہ چینل دکھائیں گے تو حکومت سندھ کو بھی نظر آئے گا۔
جس طرح خورشید شاہ نے حکومت سندھ پر تنقید کی ہے، چند دن پہلے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایسے ہی تنقید کی تھی، انہوں نے حکومت سندھ کی نااہلی کے سوال پر کہا تھا کہ جواب دو حکومتِ سندھ ، جواب دو۔