• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: پولیس اور سی ٹی ڈی کا سرچ آپریشن،پانچ مشتبہ افراد زیر حراست

سکھر (بیورو رپورٹ)  پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے مختلف علاقوں میں  مدارس میں کومبنگ آپریشن کیا گیا، اس دوران پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لئے گئے مشتبہ افراد کا مدارس سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ باہر سے آکر ٹہرے تھے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔کچھ مشتبہ اور جرائم پیشہ افراد کے حوالے سے اطلاعات ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے قریشی گوٹھ سمیت بعض دیگر علاقوں میں مدارس میں کومبنگ آپریشن کیا گیا ، آپریشن کے دوران ایک مدرسے سے پانچ ایسے مشتبہ افراد حراست میں لئے گئے ہیں جن کا اس مدرسے سے کوئی تعلق نہیں ہے، مدرسہ انتظامیہ کے مطابق وہ مہمان تھے جو ان کے پاس آکر ٹہرے تھے ان پانچوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے، حراست میں لئے گئے افراد سے شکارپور میں ہونے والی دہشتگردی کے واقعے کے حوالے سے بھی تفتیش ہورہی ہے۔ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے تفتیش کے بعد ہی تمام حقائق میڈیا کے سامنے لائے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مدارس انتظامیہ کو واضح طور پر یہ ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ مدارس میں باہر سے آئے ہوئے کسی بھی مہمان کو اگر ٹہرائیں تو اس کی اطلاع پولیس کو دیں اور اس کے مکمل کوائف بھی فراہم کئے جائیں کوئی بھی غیر متعلقہ شخص مدرسے میں موجود نہیں ہونا چاہئے اگر ایسا ہوا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے مزید بتایا کہ انہیں کچھ مشتبہ، جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاعات ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کومبنگ آپریشن کیا جارہا ہے جس میں پولیس کے ساتھ شہباز رینجرز، سی ٹی ڈی سمیت دیگر متعلقہ ادارے حصہ لے رہے ہیں۔
تازہ ترین