اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پرویز خٹک کا چینی سفیر سے متعلق غیرذمے دارانہ بیان کسی بھی صورت جائز نہیں ہے،وزیراعلی پرویز خٹک 29 اگست تک تو سی پیک منصوبے کے حامی تھے پھرانہوں نے اچانک یو ٹرن کیسے لے لیا اس بات پر حیرت ہے۔ اتوارکو ایک بیا ن میں احسن اقبال نے کہا کہ پرویز خٹک جتنا چاہیں وفاق پر تنقید کر سکتے ہیں لیکن پاکستان کے بااعتماددوست چین کے سفیرکوسیاست کانشانہ بنانا بہت ہی افسوسناک بات ہے۔وزیر اعلی پرویزخٹک کاچینی سفیرکے بار ے میں بیان سفارتی آداب کے منافی ہے ،ان کے تحفظات کودوبارہ دور کریں گے۔سی پیک صرف ن لیگ کا نہیں بلکہ پو رے پاکستان کا منصوبہ ہے،مغربی روٹ پر کام زور و شور سے جاری ہے۔