• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام ووٹ کی طاقت سے ظلم کا نظام ختم کریں، سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپو رٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپٹ اشرافیہ نے مختلف پارٹیوں کے جھنڈے اٹھاکر ہمیشہ مظلوم عوام کو بے وقوف بنایا ہے ۔ کرپٹ حکمرانوں نے ملک اور قومی اداروں کو تباہ کیا ہے ، جمہوریت کاڈھول بجا کر کرپشن اور کرپٹ عناصر کو تحفظ دینے کی کوشش قبول نہیں کی جائے گی ۔ ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کرنا عظیم جہاد ہے جو ہمیشہ جاری رہے گا۔محرم الحرام قربانی ، شہادت ، ہجرت اور جہاد کا مہینہ ہے محرم الحرام کا پیغام ہے کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ظلم کے نظام کو ختم کریں اور ظالم اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف متحد ہو جائیں ۔ کراچی کے مظلوم عوام نے بڑے زخم کھائے ہیں ۔ان کو یرغمال بنایا گیا اور ان کا حق مارا گیا ۔ وقت آگیا ہے کہ اب کراچی کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھا جائے۔ کراچی اب دوبارہ اپنے ماضی کی حیثیت میں سامنے آئے گا اورعالم اسلام کی قیادت کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی میں ضلع وسطی کے تحت ایک روزہ دعوتی و تربیتی اجتماع عام سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن ،  شاہنواز فاروقی ، منعم ظفر، محمد یوسف اور مولانا ضیاءالرحمٰن فاروقی نے بھی خطا ب کیا ۔اس موقع پر سجادہ نشین حسنین علی کاظمی اور نارتھ ناظم آباد یوسی 20سے پیپلز پارٹی اور اے این پی سے تعلق رکھنے والوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی ۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔غربت ، مہنگائی اور ظلم کے خاتمے کا واحد ذریعہ نظام مصطفٰی کا قیام ہے ۔ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی اسلامی اور جمہوری نظام کے قیام کی جدوجہد کررہی ہے ۔ عوام اس جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔
تازہ ترین