پشاور ( نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ امام عالی مقام سیدنا حضرت امام حسینؓ نے ظلم و جبر کے خاتمے، عدل و انصاف کی سربلندی ،دینی اقدار اور اسلامی روایات کے تحفظ کے لئے میدان کربلا میں ایسی لازوال قربانی پیش کی جس کی مثال اب روئے زمین پر ممکن نہیں ہے، حضرت امام حسینؓ نے یزید اور اس کے حواریوں کو راہ راست پر لانے کے لئے انہیں امن کا پیغام دیا اور اس سلسلے میں پر امن عملی کوششیں کیں مگر انہیں راہ ہدایت نصیب نہ ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر پیغا م میں کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی قربانی نے حیوانیت اور انسانیت کے درمیان ایک حد فاضل قائم کر دی جو ابد تک قائم رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ ظلم کے سامنے سینہ سپر ہونا، ظالم کے خلاف ڈٹ جانا اور مظلوم کی مدد کرنا شہید کربلا کی قربانی کا اصل فلسفہ ہے۔ نواسہ رسولؐ نے اپنی جان اور خاندان کو قربان کر دیا مگر ظلم وجبر اور یزیدیت سے سمجھوتہ نہ کیا۔انہوںنے قیامت تک آنے والی اُمت مسلمہ کو پیغام دے دیاکہ باطل اور ظلم کے خلاف حق و صداقت اور انصاف کیلئے جان بھی لٹانی پڑے تو دریغ نہ کیا جائے۔ یہی انسانیت کا فلسفہ اور اسکی معراج ہے۔ ظلم و جبر اور مفاد پرستی چاہے کسی بھی شکل میں ہو اسکی بیخ کنی ایک اسلامی فلاحی معاشرے کیلئے ناگزیر ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے اسی عظیم فلسفے کی روشنی میں ظالمانہ اور بد عنوان نظام کو چیلنج کیا ہے اور عدل و انصاف پر مبنی ایک شفاف نظام کی تشکیل میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یزید کی پیرو کار طاغوتی قوتیں مسلمانوں میں انتشار پھیلا کر اسلامی قوت کو پارہ پارہ کرنے اور ان میں نفاق پیدا کرنے میں مصروف عمل ہیں،انہوں نے کہا کہ طاغوتی طاقتوں نے ہمارے ملک پاکستان کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے شورش اور بدامنی کے حالات سے دوچار کر رکھا ہے مگر سماج دشمن عناصر اس بات سے با خبر ہیں کہ پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاص کر ہماری افواج پاکستان کا جذبہ اور ولولہ اتنا غیر متزلزل ہے کہ دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑ رہی ہے۔