اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آئندہ سال جون سے قبل ای پاسپورٹ سروس شروع کردی جائے گی اور دو سال میں اس کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلادیاجائے گا‘ایک سال میں 72نئے پاسپورٹ دفاتربنیں گے‘ای پاسپورٹ کی میعاد10سال ہوگی ‘نادرامیں صفائی ہورہی ہے ‘جلد ٹھیک ہوجائے گا۔ جمعرات کو نادرا ہیڈ کوارٹرز میں ای پاسپورٹ کے اجراءکے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آن لائن ای پاسپورٹ سروس کا آغاز کر دیا گیاہے‘ اس سہولت کے ذریعے شہری گھر بیٹھے پاسپورٹ حاصل کرسکیں گے‘ یہ سروس بیرون ملک مقیم شہریوں کیلئے شروع کر دی گئی ہے اور دو سال میں اس کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا‘ انہوں نے کہا کہ وہ نادرا کی جانب سے عوام سے برتاؤ پر خوش نہیں‘ لائنوں میں کھڑا ہونا عوام کی تضحیک ہے‘اس منصوبے پرکام 60کروڑروپے کی لاگت سے مکمل کیا جائیگا‘ وزیراعظم نے فنڈ کے اجراء کی منظوری دیدی ہے‘ای پاسپورٹ کے اجراء سے ہیراپھیری ختم ہو جائے گی اوردھوکہ دہی کے ایشو میں انتہائی کمی آجائے گی۔