لاہور (کرائم رپورٹر سے) کائونٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مقابلہ میں تحریک طالبان، القاعدہ اور داعش سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تاہم 3دہشت گرد فرار ہونے ہو گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ سی ٹی ڈی ملتان کو خفیہ اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد محرم کے ایام میں شجاع آباد ملتان کے جلوسوں پر دہشت گردی کرنا چاہتے ہیں جس پر سی ٹی ڈی ملتان نے ڈیرہ غازی خان کے علاقہ ٹونمیTonmiروڈ پر چھاپہ مارا تو تمام دہشت گرد موجود تھے جنہیں سی ٹی ڈی نے خبردار کیا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں لیکن دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی پر فائرنگ شروع کر دی جس پر دونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 8دہشت گرد ہلاک ہو گئے جن سے 3 ہینڈ گرنیڈ،1 آٹو میٹک رائفل،4 پسٹل 30 بور کے برآمد ہو ئے۔ تاہم سی ٹی ڈی نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت نہیں بتائی۔ رینجرز کا گڈاپ میں کالعدم تنظیم کے کارندوں سے مقابلہ ہوا جس میں4مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے جمعرات کی شب گڈاپ کے علاقے میں ایک کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا،ترجمان رینجرز کے مطابق اس دوران ملزمان نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔رینجرز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں4دہشت گرد مارے گئے۔ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشوں اور اسلحے کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔