وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاقی وزیراحسن اقبال اقتصادی راہ داری معاہدے کے دستاویزات پیش کریں اور بتائیں کہ مغربی روٹ راہ داری کا حصہ ہے ۔
نوشہرہ میں جلسے سے خطاب اور جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خان خٹک نے کہا کہ احسن اقبال کی بریفنگ کی کوئی ضرورت نہیں ، اگر ان کے پاس دستاویزی ثبوت ہے تو لےآئیں ورنہ کہانیاں کہیں اور جا کر سنائیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ کو سی پیک کا حصہ بنانا ہوگا، وزیر اعظم نے آ ل پارٹیز کانفرنس میں میڈیا کے سامنے اس کا وعدہ کیا ہے ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ چینی سفیر کہہ دیں کہ مغربی روٹ سی پیک کا حصہ ہے۔