• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوابشاہ : پولیس مقابلے میں بدنام ڈاکو خیرو بھٹی ہلاک، اسلحہ برآمد

نوابشاہ (بیورو رپورٹ)  ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد ڈویزن فرحت اللہ جونیجو نے ایس ایس پی نوابشاہ تنویر حسین تنیو کے ہمراہ اپنے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ روہڑی کینال کے علاقے میں بدنام زمانہ ڈاکو خیرو بھٹی کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی جس پر ایس ایس پی تنویر تنیو،سی آئی اے انچارج مبین پرھیار،ایس ایچ او ائیرپورٹ جاوید ابڑو اور دیگر پولیس افسران و پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی پولیس نے بھی بھرپور جوابی فائرنگ کی اور چالیس منٹ مقابلے بعد بدنام زمانہ ڈاکو خیرو بھٹی ہلاک ہو گیا اسکے قبضے سے ایک ایس ایم جی رائفل اور بڑی مقدار میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔انھوں نے بتایا کہ حکومت نے ہلاک ڈاکو کی زندہ و مردہ گرفتاری پر پچاس لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا ڈاکو خیرو بھٹی سندھ میں خوف و دہشت کی علامت تھا اس پر سندھ بھر میں اغوا برائے تاوان،قتل۔اقدام قتل سمیت دیگر سنگین نوعیت کے72 مقدمات درج ہیں۔وہ نہ صرف ایک ڈاکو تھا بلکہ اجرتی قاتل بھی تھا اس کے علاوہ اسکے بلوچستان میں روپوشی کے دوران کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کیساتھ بھی تعلقات تھے۔ڈی آئی جی فرحت اللہ جونیجو نے ایس ایس پی تنویر تنیو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نوابشاہ ضلع کے عوام خوش نصیب ہیں جنھیں ان جیسا بہادر،دیانتدار اور با صلاحیت پولیس افسر ملا ہے جنھوں نے چند ماہ کے اندر ضلع سے منشیات و جوئے کے اڈوں کا خاتمہ کردیا۔ڈی آئی جی نے مقابلے میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کیلئے اپنی طرف سے دو لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان افسران کیلئے آئی جی سندھ پولیس کو پانچ لاکھ روپے انعام اور سی سی ٹو سرٹیفیکٹ کی سفارش کی جائیگی۔
تازہ ترین