گوجرانوالہ (مانیٹرنگ سیل) کاؤنٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے اروپ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 3مبینہ دہشتگردوں کو مقابلے کے بعد مار دیا ہے جبکہ 2دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اروپ کے علاقے میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تو مبینہ دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے جواب میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی جس کی زد میں آکر 3مبینہ دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ دہشتگردوں نے اروپ کے علاقے میں پناہ لے رکھی تھی اور وہ حساس مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ مارے جانے والے مبینہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جبکہ ان کے قبضے سے کلاشنکوف، 2 پستول اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔