لاہور(نمائندہ جنگ)جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب پاکستان میں کوئی بین الاقوامی ایجنڈا چلے گا نہ مارشل لاء آئے گا، قوم کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔22 اور23اکتوبر کو اضاخیل میں خیبر پختونخوا کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع عوامی تبدیلی کے لیے آغاز ثابت ہو گا۔ اضاخیل اجتماع گا ہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجتماع میں خیبر پختونخوا کے علاوہ قبائلی علاقہ جات سے بھی عوام تاریخ میں پہلی بار کسی سیاسی اجتماع میں شرکت کریں گے اور یہ بھی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ پختون خصوصاً قبائلی خواتین اسلامی نظام کے نفاذ کے قیام کے مطالبے کے حق میں باہر نکلیں گی۔بین الاقوامی ایجنڈا کے تحت ملک پر حکومت کی جاتی رہی ہے جب سرمایہ داروں کے ایک ٹولہ سے عوام اکتا جاتے ہیں تو دوسرے ایجنٹ کو سامنے لایا جاتا ہے۔لیکن سب کو آزمانے کے بعد اور سب کی ناکامی کے بعد اب کوئی دوسرا راستہ نہیں کہ یہاں دیانتدار اور کرپشن سے پاک قیادت لائی جائے ۔ قوم نے 37سال تک مارشل لا بھی دیکھا ہے جس کے نتیجے میں ملک دو ٹکڑے ہو گیا ۔اب اسلامی نظام کے نفاذ کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔عمران خان کے اسلام آباد کے مجوزہ دھر نے کے حوالے سے انھوں نے کہا ہماری تمام تر توجہ22اور23اکتوبر کے اجتماع عام پر ہے لیکن ہم سیاسی جماعت کے طور پر جلسہ جلوس کو آئینی حق سمجھتے ہیں۔ اس مرتبہ عوام پاکستان پر کسی تیسری قوت کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔عوام جمہوری طریقے سے تبدیلی چاہتے ہیں۔امریکہ کے وفادار اور چور دروازوں کے عادی لوگ جان لیں اس بار ان کی کوئی چال کامیاب نہیں ہو گی اور ہم عوام کے ووٹ اور اللہ کی تائید سے قوم کی قسمت بدلیں گے۔ہم ایسا نظام نافذ کریں گے جس میں غریب آدمی کو وہی سہولتیں حاصل ہوں گی جو امیروں کو حاصل ہیں ۔