سرگودھا ( نمائندہ جنگ ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سرگودھا کا اجلاس زیر صدارت ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نائب صدر پی ایم اے پنجاب جوہر آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں تمام ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ، ڈاکٹر سرفراز سیلا، ڈاکٹر اکرم اللہ خان نیازی، ڈاکٹر محمود زبیری، ڈاکٹر طاہر حسین اعوان، ڈاکٹر فواد حسین اور ڈاکٹر ظہیر الدین نے کہا کہ حکومت اور بیورو کریسی نے محکمہ صحت کو تختہ مشق بنایا ہوا ہے اورنت نئے تجربات کرکے محکمہ صحت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں تواضافہ کررہی ہے جبکہ وہاں کام کرنے والے ڈاکٹرز و دیگر عملہ کو پوری تنخواہیں بھی نہیں دی جارہی ہیں۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن ، بائیو میٹرک سسٹم، این ٹی ایس امتحانات کا بائیکاٹ کیا جائیگا۔ اگرڈویژن بھر میں کسی ڈاکٹر کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی تو مشترکہ لائحہ عمل اختیارکیاجائے گا ۔